وائس چانسلر کے عہدے کے امیدواروں کیلئے اچھی خبر

سندھ کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلر کے عہدے کے لیے سندھ کے ڈومیسائل کی شرط ختم کردی گئی ہے۔

سکریٹری بورڈز و جامعات مرید راہموں نے اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب پورے پاکستان اور بیرون ملک کے امیدوار بھی درخواست دے سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی 25 سرکاری جامعات میں ڈائریکٹر فنانس کے عہدے کے لیے 120 درخواستیں جب کہ 9 جامعات میں وائس چانسلر کے عہدے کے لیے 100 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 80 امیدواروں کو ڈائریکٹر فنانس کے ٹیسٹ کے لیے شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے تاہم وائس چانسلر کے لیے موصول شدہ درخواستوں کی جانچ کا عمل چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی عمرہ سے وطن واپسی کے بعد 27 نومبر سے شروع ہوگا۔

سکریٹری بورڈز و جامعات نے بتایا کہ بیرون صوبہ سے بھی امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں، ہم میرٹ پر اچھے امیدوار لگانا چاہتے ہیں اسی لیے صوبے کی کوئی قید نہیں رکھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈائریکٹرز فنانس کے عہدے پر اہل افراد کو بھرتی کیا جائے جس کے لیے ٹیسٹ کے پاسنگ مارکس بڑھا رہے ہیں، یہ ٹیسٹ آئی بی اے کراچی لے گا۔ اگر ہمیں دوسرے مرحلے میں انٹرویو کے لیے زیادہ اہل افراد نہ ملے تو ہم دوبارہ اشتہار دے دیں گے۔

سی ایس ایس امتحان 2022 کے امیدواروں کیلئے اچھی خبر

سی ایس ایس امتحان 2022 کے رواں ماہ 30 نومبر کو نتائج جاری کئے جانے کا قوی امکان ہے،نتائج حتمی طور پر مرتب کئے جانے کے بعد ایف پی ایس سی اجلاس ہو گا.

ذرائع ایف پی ایس سی کا کہناتھا کہ نتائج کی تیاری حتمی مراحل میں ہے،اجلاس کے بعد نتائج جاری کئے جائیں گے، کامیاب امیدوار گریڈ 17 میں بطور گزیٹڈ افسر بھرتی ہونے کے اہل ہوں گے،امتحان کے لئے15 ہزار سے زائد امیدواروں نے اپلائی کیا تھا۔

سی ایس ایس 2022 میں کامیابی کا متوقع تناسب قریباً 3 فیصد ہے، سی ایس ایس 2021 میں کامیابی کا تناسب 2 اعشاریہ 02 فیصد رہا تھا۔