سرکاری کالجز میں طلبہ کے لیے 70فیصد حاضری لازمی قرار

محکمہ تعلیم کالجز سندھ نے کالجوں میں حاضری کے معاملے پر ہدایت جاری کی ہے کہ جو طلبا و طالبات کالجز سے غیر حاضر رہتے ہیں اور ان کی غیر حاضری کا تناسب 30 فیصد سے زیادہ ہوا تو اس صورت میں وہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔

محکمہ کالج ایجوکیشن کے سکریٹری احمد بخش ناریجو نے 29 دسمبر 2022 کو ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ ڈاکٹر محمد علی مانجھی اور تمام ڈائریکٹرز کے ساتھ اجلاس کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا کہ تمام طلبہ کی اب 70 فیصد حاضری لازمی ہو گی اور جن کی حاضری 70 فیصد نہیں ہو گی ان کو امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہو گی ۔

تمام پرنسپل اور اساتذہ ، طلبہ کی حاضری آن لائن لگائیں گے ۔

ڈائریکٹرز کو لکھے گئےخط میں واضح طور پر درج ہے کہ جو طلبا کالج میں غیر حاضر رہے ہونگے ان کو ایڈمنٹ کارڈز ہی جاری نہیں کیئے جائیں گے۔

صدرمملکت کا وفاقی اردو یونیورسٹی کو طالب علم کا ٹرانسکرپٹ اور ڈگری 15 روز میں جاری کرنے کا حکم

صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے وفاقی اردو یونیورسٹی کی جانب سے طالب علم کا ٹرانسکرپٹ اور ڈگری روکنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 15 دن کے اندر ڈگری جاری کرنے کی ہدایت کی ہے،انہوں نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف پاکستان بیت المال کی درخواست مسترد کردی ۔منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے وفاقی اردو یونیورسٹی کی جانب سے طالب علم کا ٹرانسکرپٹ اور ڈگری روکنے پر اظہاربرہمی کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کو 15 دن کے اندر طالب علم کو ڈگری جاری کرنے کی ہدایت کی ۔

صدر مملکت نے پاکستان بیت المال کو متاثرہ طالب علم کی شکایت کا ازالہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔طالب علم کو وفاقی اردو یونیورسٹی اور پاکستان بیت المال کے درمیان ضابطے کی کارروائی میں تاخیر کی وجہ سے ٹرانسکرپٹ اور ڈگری نہیں دی جارہی تھی ۔صدرمملکت نے کہا کہ لیٹ فیس کی ادائیگی کے معاملے کو حل کرنے کے بجائے یونیورسٹی نے غیر منصفانہ طور پر طالب علم کی ڈگری اور ٹرانسکرپٹ روکا،پاکستان بیت المال کی جانب سے فیس براہ راست یونیورسٹی کو ادا کی جاتی تھی ، ادائیگی میں طالب علم کا کوئی عمل دخل نہیں تھا۔ صدرمملکت نے کہا کہ یونیورسٹی کو اچھی طرح معلوم تھا کہ طالب علم احساس سکالرشپ پروگرام کے تحت تعلیم حاصل کررہا تھا۔

طالب علم عباد الرحمان (شکایت کنندہ) نے بی بی اے کی ڈگری اور ٹرانسکرپٹ کے اجرا کے لیے وفاقی محتسب کو اپیل کی تھی ۔یونیورسٹی نے 122,500 روپے کے بقایا جات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ڈگری روکی تھی ۔ وفاقی محتسب نے طالب علم کے حق میں فیصلہ کرتے ہوئے بیت المال کو معاملہ حل کرنے کا حکم دیا تھا،بیت المال نے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو درخواست دائر کی جسے مسترد کر دیاگیا۔

ڈائریکٹر محکمہ تعلیم کی کیمرون کے ڈپٹی قونصلر جنرل سید ندیم جیلانی سے ملاقات

ڈائریکٹر محکمہ تعلیم بلدیہ وسطی محمد عرفان شیخ اور ایڈوائزر سید ارشد عالم نے ایک وفد کے ہمراہ کیمرون کے ڈپٹی قونصلر جنرل سید ندیم جیلانی سے انکے آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر عرفان شیخ نے سید ندیم جیلانی کو محکمہ تعلیم بلدیہ وسطی کی تدریسی و غیر تدریسی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ ندیم جیلانی نے میٹرک بورڈ میں امتیازی پوزیشنز حاصل کرنے پر بلدیہ وسطی کے طلباء و طالبات کو جہاں مبارکباد پیش کی وہاں اساتذہ کو بھی انکی شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ڈپٹی قونصل جنرل کیمرون نے کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیل کے شعبہ میں بھی طلباء نمایاں مقام حاصل کرسکتے ہیں اگر گراس روٹ لیول پر انکی صحیح رہنمائی کی جائے۔

چھٹیاں ختم؟ سکولوں کے نئے اوقات کار جاری

خیبر پختونخوا حکومت نے سکولوں کے اوقات کار تبدیل کر دیئے، سردیوں کی چھٹیاں ختم ہونے پر نئے اوقات نافذ العمل ہوں گے۔

کے پی کے حکومت نے صوبہ میں دھند کے باعث سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا فیصلہ کیا، جس کے مطابق پرائمری سکولوں میں حاضری صبح 09:15،چھٹی کا وقت 01:30 مقرر کیا گیا جبکہ مڈل اورہائرسیکنڈری سکولوں میں حاضری صبح 9 بجے اور چھٹی 2:30 بجے ہوگی۔

اعلامیہ کے مطابق نئے اوقات کار 2 جنوری سے 31 جنوری 2023 تک نافذ العمل رہیں گے۔

سندھ میں کالج کے طالبعلم غیرحاضر رہنے کی سزا بھگتیں گے

سندھ بھر میں کالج کے طالبعلم اب غیرحاضر رہنے کی سزا بھگتیں گے۔

محکمہ تعلیم سندھ نے سالانہ امتحان میں بیٹھنے کے لیے کالج میں 70 فیصد حاضری لازم قرار دیدی ہے۔

اعلامیے کے مطابق کم حاضری والے طلبا کو امتحان میں بیٹھنےکی اجازت نہیں ہو گی، اطلاق صوبے کے تمام سرکاری کالجوں پر ہو گا۔

سیکرٹری کالجز سندھ نے ہدایت کی ہے کہ کالج پرنسپلز احکامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔