پشاور: امریکی سفیر نے یو ایس ایڈ کے تعاون سے بنائے گئے اسکول کا افتتاح کردیا

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پشاور کے علاقے اکبرپورہ میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے بنائے گئے اسکول کا افتتاح کر دیا۔

پاکستان میں تعینات امریکی سفیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کا دورہ اور افتتاح انتہائی خوش آئند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اکبرپورہ کے اس اسکول میں طلبا کو تمام تر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، یہاں ایک ہزار سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان 75 سال سے دو طرفہ تعلقات ہیں، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون یقینی بنا رہے ہیں۔

ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ سیلاب، زلزلے جیسی قدرتی آفات کے متاثرین کی بحالی کےلیے نمایاں تعاون کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں 20 کروڑ ڈالر خرچ کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی ترقی کےلیے موافق ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے، یو ایس ایڈ کے تعاون سے مکمل اسکول باہمی تعاون کی بڑی مثال ہے۔

سکولوں سے باہر بچوں کو کارآمد شہری بنانے کیلئے ان کی فکری و جسمانی نشوونما کے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا نیشنل سکلز یونیورسٹی کی سینیٹ کے اجلاس سے خطاب

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صنعت اور معیشت کے دیگر شعبوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ملک میں مہارت پر مبنی اور تکنیکی تعلیم کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں تقریباً 2 کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں، ایسے بچوں کو ملک کا کارآمد شہری بنانے کے لیے ان کی فکری و جسمانی نشوونما کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار منگل کو ایوان صدر اسلام آباد میں نیشنل سکلز یونیورسٹی کی سینیٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے زور دیا کہ نیشنل سکلز یونیورسٹی کو مارکیٹ کی طلب کو پورا کرنے کے لیے مزید ہنرمند افراد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یونیورسٹیوں کی طرف سے طلباء کے لیے کیرئیر کونسلنگ کی ضرورت پر روشنی ڈالی تاکہ انہیں مناسب پیشوں کے انتخاب میں مدد مل سکے۔ انہوں نے نیشنل سکلز یونیورسٹی انتظامیہ سے کہا کہ گریجویٹس کے معیار اور مہارت کو بہتر بنانے کے لیے قومی اور بین الاقوامی تکنیکی تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط قائم کئے جائیں۔ نیشنل سکلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے اجلاس کو ملک میں ہنر پر مبنی تعلیم کے فروغ میں یونیورسٹی کے کردار کے بارے میں بتایا۔

نیشنل سکلز یونیورسٹی کی سینیٹ نے سینیٹ کی جانب سے وائس چانسلر کے فیصلوں کی توثیق کرنے کے علاوہ سینیٹ کے چوتھے اجلاس کے منٹس کی بھی توثیق کی۔ اجلاس میں مریدکے شیخوپورہ میں نیشنل سکلز یونیورسٹی کے سب کیمپس کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔