محکمہ تعلیم کالجز سندھ نے کالجوں میں حاضری کے معاملے پر ہدایت جاری کی ہے کہ جو طلبا و طالبات کالجز سے غیر حاضر رہتے ہیں اور ان کی غیر حاضری کا تناسب 30 فیصد سے زیادہ ہوا تو اس صورت میں وہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔
محکمہ کالج ایجوکیشن کے سکریٹری احمد بخش ناریجو نے 29 دسمبر 2022 کو ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ ڈاکٹر محمد علی مانجھی اور تمام ڈائریکٹرز کے ساتھ اجلاس کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا کہ تمام طلبہ کی اب 70 فیصد حاضری لازمی ہو گی اور جن کی حاضری 70 فیصد نہیں ہو گی ان کو امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہو گی ۔
تمام پرنسپل اور اساتذہ ، طلبہ کی حاضری آن لائن لگائیں گے ۔
ڈائریکٹرز کو لکھے گئےخط میں واضح طور پر درج ہے کہ جو طلبا کالج میں غیر حاضر رہے ہونگے ان کو ایڈمنٹ کارڈز ہی جاری نہیں کیئے جائیں گے۔