سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اگر اقتدار ملا تو بیروزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ملازمتیں دی جائینگی اور کارڈ کی سہولت بھی سب کے لئے دستیاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وہاڑی میں سابق صدر آصف زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جب بھی کسی دور میں آتی ہے تو ہمارا مقصد عوام اور قوم کی خدمت ہے اور پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج میں یہ سوچتا ہوں کہ پہلے کی آبادی کیا تھی، اب کی آبادی کیا ہے اور دس سال بعد آبادی کا تناسب کیا ہوگا یہ سب ذہن میں رکھ کر آگے کی پلاننگ کرنی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جو خان ہے اس نے پاکستان اور اس کی معیشت کا ایسا خانہ خراب کیا ہے اور ایک ایسی دلدل میں ہمیں پھنسا دیا ہے کہ بڑی مشکل سے ہم پار لگیں گے اور انشاء اللہ لگیں گے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ کوئی ایسا کام نہیں ہے کہ جو پاکستانی نہیں کرسکتا ہے، یہ ایک بہت مہذب اور محنتی قوم ہے ، اس قوم میں کچھ بھی کر دیکھانے کا جذبہ ہے، عقل ہے، کام کرنے کی جستجو ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کوئی پبلک لمیٹڈ کمپنی نہیں ہے، یہ ایک ملک ہے اور ملکوں میں ہوا ہے، ایک زمانے میں بھارت کے پاس صرف 1 بیلین کے ذخائر تھے جس کی وجہ سے ان کو اپنا سونا بیچنا پڑا 265 ملین ڈالر لینے کے لئے۔
انہوں نے بتایا کہ ملکی حالات میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے لیکن ایسے بےوقوف کو لوگوں نے وزیراعظم بنوادیا کہ اس نے کچھ سوچا ہی نہیں اور آج بھی اس کی سمجھ یہ ہے کہ وہ ون ڈے کرکٹ کھیل رہا ہے اور کسی بھی طرح سے وہ واپس اس جگہ جانا چاہتا ہے جہاں سے وہ نکالا گیا ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان میں ہر قسم کی سہولیات موجود ہیں ، قدرت نے ہر طرح کے وسائل دیئے ہیں ہم نے صرف ان سے کام لینا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب سے اوپر نیچے ہے پھر عراق ہے پھر سنٹرل ایشیاء ہے یہ سارے امیر ممالک ہیں تو ان کے درمیان ہم کیسے غریب ملک ہوسکتے ہیں اور اسی نظریئے سے گوادر پورٹ چائنہ کے حوالے کیا گیا تھا لیکن کسی وجہ سے وہ سوچ نہیں آسکی جو میرا مقصد تھا لیکن انشاء اللہ آج نہیں تو کل وہ مقصد ضرور پوا ہوگا۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ قوم کی خدمت بی بی صاحبہ کا ہدیہ ہے اور ذوالفقاربھٹو بھی یہی کہتے تھے، ہم تو پارٹی ہی غریبوں کی ہے اور پیپلز پارٹی کا مطلب ہی لوگوں کی پارٹی کا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دوبارہ موقع ملا تو ہم سب صوبوں کے مسائل حل کریں گے اور انشاء اللہ پاکستان ایک بڑی طاقت بن کر رہے گا ۔
انہوں نے کہا کہ عوام چاہتی ہے کہ میں وہاڑی سے الیکشن لڑو تو اس سلسلے میں پارٹی سے مشاورت کی جائیگی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے اور اسے ہم بہتر انداز سے چلائیں گے اور یہ جو ملک کے دیوالیہ ہونے کی آوازیں گونجتی رہتی ہیں تو جاپان دیوالیہ ہوگیا تھا، امریکہ دیوالیہ ہوگیا تھا اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے ، یہ ایک عارضی فعل ہے ۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ایک وقت آئیگا جب صرف ہم فیصلے لیں گے اور پاکستان کو آگے لے کر چلیں گے۔