نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز(نمز) کے ڈیپارٹمنٹ آف بائیولوجیکل سائنسز کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وسیم سجاد پی ایچ ڈی(مائیکرو بایالوجی) کو باوقار گلوبل ینگ اکیڈمی (جی وائی اے) کا پانچ سال کے لئے رکن منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے اکیڈمی کی53 رکنی سلیکشن کمیٹی کے ذریعے منتخب ہونے والے41 نوجوان سائنسدانوں میں سے ایک رکن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے، اس بات کا کااعلان حال ہی میں کیا گیا۔ جی وائی اے چھ براعظموں کے نوجوان ٹیلنٹ کو باہمی طور پر منسلک اور متحرک کرتا ہے اور نوجوان محققین کو بین الاقوامی، انٹر ڈسپلنری اور بین النسلی مکالمے کی قیادت کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
اکیڈمی کا مقصد نوجوان سائنس دانوں کی آواز کو جامع اور موثر انداز میں عالمی، علاقائی اور قومی فیصلہ سازی میں اجاگر کرنا ہے۔ جی وائی اے کا وژن “سائنس سب کے لیے؛ سائنس مستقبل کے لیے” ہے اور اس کا مشن دنیا بھر کے نوجوان سائنسدانوں کو توانا آواز دینا ہے۔ اتوار کو نمز کے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر وسیم کی رکنیت باضابطہ طور پر جون2023 میں شروع ہوگی، انہیں سالانہ عمومی اجلاس اور نوجوان سائنسدانوں کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے
جو اس سال 5 سے 9 جون تک روانڈا کے شہر کیگالی میں منعقد ہوگی۔ جی وائی اے کی سرگرمیاں 4 موضوعاتی شعبوں پر محیط ہیں جن میں سائنس اور سوسائٹی، جی وائی اے اور پائیدار ترقیاتی اہداف، تحقیقی ماحول اور سائنسی تعلیم اور رسائی شامل ہیں ۔ جی وائی اے کے نئے اراکین کے گروپ میں 31 انفرادی ممالک کے نمائندے شامل ہیں جن میں16 خواتین، 1 غیر بائنری اور24 مرد شامل ہیں۔ اس کے اراکین ورکنگ گروپس، تذویراتی منصوبہ جات اور بین الاقوامی شراکتی تنظیموں کے ساتھ تعاون میں مصروف عمل ہیں۔