بیگم گورنر پنجاب نے صدر گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن پنجاب کا حلف اٹھا لیا

بیگم گورنر پنجاب عائشہ بلیغ نے گورنر ہائوس لاہور میں گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن پنجاب کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں صدر گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن پنجاب کا حلف اٹھایا۔

صوبائی کمشنر پنجاب گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن مسز ثروت حامد نے بیگم گورنر پنجاب سے حلف لیا۔ تقریب میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی خصوصی شرکت ہوئی۔ تقریب میں گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن صوبائی ہیڈ کوارٹر کی ایگزیکٹو ممبران مسز تزئین فضل احمد خان، ڈاکٹر نگہت ارشد، مسز محمودہ نسرین، مسز شاہدہ اظہر، سینئر گائیڈ لیڈرز اور سینئر گائیڈز بھی موجود تھیں۔

اس موقع پر بیگم گورنر پنجاب عائشہ بلیغ کا کہنا تھا گرلز گائیڈ کو تعلیمی اداروں میں فعال کر کے طالبات میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ گرلز گائیڈ کو فعال اور متحرک کرنے کے لیے جلد پنجاب کے تمام سکولوں کا مرحلہ وار دورہ کروں گی۔ گرلز گائیڈ کا مقصد ملک، معاشرے اور انسانیت کی بھلائی ہے۔ گرلز گائیڈ نوجوان بچیوں کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا یہ بات قابل تحسین ہے کہ گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن پنجاب نوجوان نسل میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور کردار سازی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔