یوم ماحولیات پر پنجاب یونیورسٹی میں سیمینار، پلاسٹک کااستعمال ترک کرنےکی سفارش

یوم ماحولیات پرلاہور میں پنجاب یونیورسٹی میں کالج آف ارتھ اینڈ انوائرمنٹل سائنسز کے زیر اہتمام جی آئی زیڈ پاکستان کے اشتراک سے خصوصی سیمینار ہوا جس میں شرکاء نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے پلاسٹک کےاستعمال کو ترک کرنے پر زور دیا۔

سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جاوید اختر، سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحولیات ساجد محمود چوہان،ممبر بورڈ آف ریونیو مبشر حسین،وائس چانسلر خالد محمود شریک ہوئے۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی پر قابو پانے کے لئے منظم آگاہی مہم، قانون سازی اور پالیسی سازی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے کہا پلاسٹک کے استعمال میں اضافہ اوردرختوں کی کٹائی سے نہ صرف بنی نوع انسان کو خطرہ ہے بلکہ چرند، پرند، حشرات اور کئی نایاب نسل کے جانور بھی اس سے متاثر ہو کر معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔سیمینار میں پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد، دانیال منصور، فیکلٹی ممبران سمیت طلبہ بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

تعلیم پر پری بجٹ سیمینار ،حکومت فنڈز فراہم کرے ،لیاقت بلوچ

اسلامی جمعیت طلبا کے زیر اہتمام تعلیمی بجٹ کے حوالے سے منعقدہ پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ۔۔۔

پاکستان میں بجٹ الفاظ کا گورکھ دھندا ہے ، حقیقت میں ہر ماہ منی بجٹ آتا ہے ، اقتصادی ترقی فیصلہ سازوں کی ترجیح نہیں،شرح خواندگی سو فیصد ہونی چاہئے لیکن ہم ستاون فیصد پر کھڑے ہیں،حکومت فنڈز فراہم کرے ،ادھر آل پاکستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن نے بجٹ میں تنخواہوں میں سو فیصد اضافے کا مطالبہ کر دیا، آل پاکستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (ایپلا) کے صدر پروفیسر منور عباس، پروفیسر جمشید خان سیکرٹری جنرل، ڈاکٹر رحیمہ رحمن ، ڈاکٹر کلیم اختر، پروفیسر طارق بلوچ، پروفیسر رحمت علی،پروفیسر شاہجہاں پنھور، پروفیسر طارق سلیم، پروفیسرفیض محمد، پروفیسر عبدالرازق کاکڑ، پروفیسر احتشام گل، پروفیسرمحمد صدیق و دیگر نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاق سمیت تمام صوبائی حکومتیں کمر توڑ مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم سو فیصد اضافہ کریں ۔

یوایم ٹی میں ریکٹر میرٹ ایوارڈ تقریب،طلبہ،والدین کی بھرپور شرکت

یو نیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) میں ریکٹر میرٹ ایوارڈ کی تقریب منعقد کی گئی جس میں بی ایس اور ایم ایس کے 18 ڈگری پروگرامز کے 405طلباء کو ریکٹر میرٹ ایوارڈ سے نوازہ گیا۔ تقریب میں ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، ڈائریکٹر جنرل یو ایم ٹی عابد شیروانی، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر شاہد حسن، ڈینز، ڈائریکٹرز، سینئر منیجر حسیب حیدر،سینئر مینجر محمد عثمان، طلباء اور انکے والدین نے خصوصی شرکت کی۔ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹرآصف رضا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایوارڈ حاصل کرنے والے تمام طلباء اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اور کہا کہ کامیابی یو ایم ٹی کا خاصہ ہے۔ انہوں نے طلبا سے کہا کہ والدین کی اور اساتذہ کی انتھک کاوشوں کے بغیر انکی کامیابی نا مکمل ہے لہذا اساتذہ اور والدین کا ا حتر ام کرتے ہوئے مستقبل میں کامیابی کے سفر کو ایسے ہی جاری رکھیں۔ڈاکٹر آصف کا کہنا تھا کہ یو ایم ٹی اپنے طلباء کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ وہ دیگر تمام صہولیات بھی فراہم کرتی ہے جو کوئی دوسری نجی یونیورسٹی نہیں کرتی۔ پبلک سیکٹر میں یو ایم ٹی واحد ادارہ ہے جو ہر سال سینکڑوں قابل طلباء کو میرٹ ایوارڈز دیتا ہے تاکہ بچے اپنی تعلیم کے ساتھ دیگر ضروریات پوری کرسکیں؛ ڈاکٹر آ صف رضاریکٹر یو ایم ٹی نے کامیاب ہونے والے طلباء کو نصیحت کی وہ کسی سے کم نہیں ہیں لہذا قلم، خود اعتماد ی اور ایماندار ی کے ذریعے پوری دنیا میں اپنا لوہا منوائیں۔ یو ایم ٹی اپنے ذہین اور قابل طلباء کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ریکٹر میرٹ ایوارڈ کی مد میں کروڑوں روپے کے سکالر شپس بھی دیتی ہے۔

مدارس کے طلبہ کےلئے جدید پیمانے پر ووکیشنل ٹریننگ دینے کا پروگرام ترتیب دیا گیا

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار دینی مدارس کے طلبہ کو ہنر مند بنانے کے لیے محمد احسان بھٹہ سیکرٹری کی خصوصی ہدایات پر محکمہ صنعت و تجارت پنجاب نے ووکیشنل ٹریننگ کا ایک اہم پروگرام شروع کیا ہے تاکہ دینی مدارس کے ہونہار طلبہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی اور تکنیکی تربیت بھی حاصل کر سکیں اور اپنے و اپنے اہل خانے کے لئے مناسب و باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکیں ،محمد احسان بھٹہ سیکرٹری صنعت و تجارت پنجاب نے بتایا کہ محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام چلنے والے دینی مدارس کے طلبہ کے لئے جدید پیمانے پر ووکیشنل ٹریننگ دینے کا پروگرام ترتیب دیا گیا انہوں نے کہا کہ محکمہ صنعت و تجارت اور محکمہ اوقاف و مذہبی امور کی باہمی مشاورت سے دینی مدارس کے طلبہ کو کمپیوٹر اپلیکشن گھریلو اشیاءکی مرمت اور انگریزی زبان کی بول چال کی تربیت دی جائے گئی اس سلسلے میں دونوں محکموں کے درمیان ایک ایم او یو پر دستخط ہوئے ہےں جس کے مطابق سب سے پہلے حضرت داتا گنج ہجویری مدرسہ لاہور کے 150 طلبہ کے ووکیشنل ٹریننگ و انگریزی زبان سکھانے کے لئے کلاسز شروع کی جار ہی ہےں ۔جہاں پر ٹیوٹا پنجاب کے انسڑکٹرز ان طلبہ کو ووکیشنل ٹریننگ دیں گئے فنی تربیت کا ضروری ساز و سامان ٹیوٹا فراہم کرے گا محمد احسان بھٹہ نے مذید بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار حکومت پنجاب دینی مدارس کے طلبہ کو جدید ووکیشنل علوم کی ٹریننگ دینے کا انقلابی پروگرام شروع کر رہی ہے۔ جس کے بعد ہمارے دینی مدارس کے طلبہ بھی دینی امور کے ساتھ ساتھ اپنے لئے مناسب روزگار حاصل کر سکیں گئے۔

ناقص کارکردگی والے سکولوں کی نجکاری کی جائے گی

غیر تسلی بخش کارکردگی کے حامل سرکاری سکولز کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں پرائمری سکولز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلانے کیلئے تجاویز پر غور شروع کردیا گیاہے بتایا جارہا ہے کہ پرائمری سکول سے میٹرک کے طالب علم پرہر مہینے دس ہزارروپے سے زائد خرچ ہورہے ہیں ذرائع نے بتایا کہ پرائمری سطح کے بچوں کی فیسیں پرائیویٹ سکولز میں ایک ہزار سے چار ہزار روپے تک جبکہ مڈل سے ہائر سکینڈری سکولز تک بچوں کی فیسیں مختلف سکولز میں تین ہزا ر سے دس ہزاررپے ماہانہ تک ہے صوبہ میںپرائیویٹ سکولز کی کارکردگی میں ہر سال بہتری اورسرکاری سکولز کی کارکردگی بہتر ہونے کی بجائے زوال پذیر ہو رہی ہے

ذرائع نے بتایا کہ اخراجات میں کمی اور تعلیمی معیار میں بہتری کیلئے سرکاری سکولز کو پبلک پارٹنر شپ کے تحت چلانے کی منصوبہ بندی ہے جس کیلئے تمام سکولوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں خراب کارکردگی والے سکول نجی شعبہ کے حوالہ کئے جائیں گے یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے دوسرے دور حکومت میں بھی سرکاری کالجوں اور سکولوں کو نجی شعبہ کو دینے کی تجویز پر غور کیا گیا تھا لیکن موجودہ حکومت میں شامل سیاسی جماعتوں اور محکمہ تعلیم کے ملازمین کی جانب سے اس تجویز کی مخالفت کی گئی تھی ۔

کینیڈا نے سٹوڈنٹ ویزا لینے کے خواہشمند افراد کو بڑی رعایت دیدی

امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا نے اسٹڈی ڈائریکٹ اسٹریم پروگرام کے ذریعے درخواست دینے والے طلباء کے لیے انگریزی ٹیسٹ کے تقاضوں میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔

ویب سائٹ پرو پاکستانی کے مطابق 10 اگست 2023 سے درخواست دہندگان کے پاس مختلف ٹیسٹوں کے انگریزی زبان کے نتائج جمع کرانے کا اختیار ہوگا۔

قابل قبول زبان کی مہارت کے امتحانات میں اب کینیڈین انگلش لینگویج پرافینسی انڈیکس پروگرام جنرل، کینیڈین اکیڈمک انگلش لینگویج ٹیسٹ، پیئرسن ٹیسٹ آف انگلش اکیڈمک اور ٹیسٹ آف انگلش بطور فارن لینگویج شامل ہیں۔

یہ توسیع بین الاقوامی طلباء کو زیادہ لچک اور وسیع تر انتخاب فراہم کرتی ہے۔

PTE اور TOEFL، خاص طور پر کینیڈا اور دیگر ممالک میں بڑے پیمانے پر پہچانے جاتے ہیں۔ PTE آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے طلباء کے لیے فائدہ مند ہے، جب کہ TOEFL کو امریکہ، کینیڈا، نیوزی لینڈ جیسی ملکوں اور برطانیہ کی زیادہ تر یونیورسٹیاں قبول کرتی ہیں۔

مزید برآں، IELTS اکیڈمک ٹیسٹ لینے والوں کی ضرورت میں ترمیم کی گئی ہے۔ اس سے پہلے امیدواروں کو ٹیسٹ کے تمام انفرادی بینڈز میں کم از کم 6.0 کا سکور حاصل کرنا پڑتا تھا۔ تاہم، یہ اب لازمی نہیں ہے.

ان تبدیلیوں کا مقصد کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند بین الاقوامی طلباء کے لیے درخواست کے عمل کو مزید قابل رسائی اور موافق بنانا ہے۔

محمد رضوان کا ہارورڈ ٹیچر کو قرآن پاک کا تحفہ

ہارورڈ بزنس اسکول میں بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اینڈ اسپورٹس کے ایگزیکٹو ایجوکیشن پروگرام نے حال ہی میں اپنے پہلے دو کرکٹرز بابر اعظم اور محمد رضوان کا خیرمقدم کیا۔

بابر اور رضوان نے 31 مئی سے 3 جون تک بوسٹن، میساچوسٹس کے نامور ہارورڈ بزنس اسکول میں کلاسز لیں۔

دونوں کرکٹ کھلاڑی میدان میں اپنی غیر معمولی کامیابیوں کے لیے مشہور ہیں۔

دنیا بھر میں اپنے کرکٹ دوروں کے دوران رضوان کو خاص طور پر مختلف مساجد میں اپنے لیکچرز کے ذریعے اسلامی پیغام پھیلانے کی کوششوں کے لیے سراہا گیا۔

محمد رضوان نے کورس کے اختتامی دن ہارورڈ بزنس اسکول میں اپنے ایگزیکٹو ایجوکیشن ٹیچر کو قرآن پاک تحفے میں دیا۔ اس عمل سے رضوان اپنے مذہب کے اصولوں کی پاسداری کا اظہار کیا۔

بابر اعظم نے اپنے ہم جماعت دوستوں کو خوب متاثر کیا۔

بابر کی ایک ہم جماعت نے سوشل میڈیا پر اس پیغام کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی کہ میں اپنا کیریئر بطور کرکٹ کھلاڑی بناناچاہوں گی۔

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے بڑا اعزاز حاصل کرلیا

عالمی درجہ بندی کے ادارے ٹائمز ہائر ایجوکیشن کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پاکستان کی سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں میں پہلے نمبر آگئی، اوپن یونیورسٹی امپیکٹ رینکنگ 2023ء میں پاکستان کی 66 سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں میں میں سے پہلے نمبر پر رہی۔

ترجمان کے مطابق درجہ بندی کے تحت دنیا بھر کی 1304 جامعات میں 25ویں پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔اوپن یونیورسٹی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی واحد جامعہ ہے جو دنیا کی پہلی 25 جامعات میں شامل ہے۔

پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی سستی کے باعث تا حال پوری مفت کتابیں نہ مل سکیں، طلبہ پریشان

پنجاب حکومت کی طرف سے سرکاری سکولز میں طلبہ کو مفت کتابیں فراہم کی جاتی ہیں لیکن رواں تعلیمی سیشن میں۔

پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی سستی کے باعث تاحال بچوں کی کتابیں پوری نہ ہوسکیں۔ تعلیمی سیشن کے دو ماہ بعد بھی آٹھویں کلاس کے بچوں کو سائنس اور ریاضی کی کتابیں نہ مل سکیں۔ چھ جون سے گرمیوں کی چھٹیاں شروع ہو جائیں گی لیکن بچوں کے پاس پڑھائی کیلئے مکمل کتابیں ہی موجود نہیں جبکہ اساتذہ کاکہنا ہے کہ کتابوں کے بغیر اپریل میں سیشن شروع کرنے کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ کتابوں کے بغیر بچوں کی پڑھائی شدیدمتاثر ہوئی ہے۔ چھٹیوں کے بعد پیپر ہیں تو بچے تیاری کیسے کریں گے ۔دوسری جانب متاثرہ طلبہ کاکہنا ہے کہ ہمارے سکولوں میں محکمہ تعلیم کے افسروں کے غفلت اور عدم توجہ سے باربار توجہ دلانے کے باوجود سائنس اور میتھ کی کتابیں فراہم نہیں کی گئیں جس وجہ سے سائنس اور میتھ کے اہم اور مشکل مضامین کی پڑھائی ہی نہیں ہوسکی، ہم چھٹیوں کا کام کیسے کریں گے ؟۔اس حوالے سے پریشان حال طلبہ اور انکے والدین نے محکمہ تعلیم سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے نوٹس لیکر کتابوں کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ۔ دوسری طرف حکومت کی طرف سے اساتذہ کی پہلے مردم شماری اور پھر امتحانی ڈیوٹیوں کے باعث بھی سرکاری سکولز میں بچوں کی پڑھائی نہ ہونے کے برابر رہی ہے۔

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور جامعہ کوہسارمری میں باہمی تعاون کامعاہدہ

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اورکوہسار یونیورسٹی مری کے درمیان باہمی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط ہوئے ہیں۔۔۔

سمجھوتے کے تحت دونوں جامعات کے مشترکہ طورپر اعلیٰ تعلیم وتحقیق سمیت دیگر امور پر کام کریں گے ۔اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر عطا اللہ شاہ نے یونیورسٹی پر مبنی تفصیلی پریزنٹیشن کے ذریعے کوہسار یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور دیگر ذمہ داروں کو آگاہ کیا۔