گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہاﺅس لاہور میں سابق وفاقی وزیر, سینئررہنما مسلم لیگ(ن)عابد شیر علی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں تعلیم، ملک کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے مثبت سوچ بہت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اور بالخصوص نوجوانوں میں امید اور مثبت سوچ پیدا کرنا بہت ضروری ہے اسی سے ملک میں ترقی آئے گی سیاست عوامی خدمت کا نام ہے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور بہتری کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے اور انشا اللہ بہت جلد تمام بحرانوں پر قابو پالیا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی کے لیے اچھی پالیسیوں کا نہ صرف تسلسل رہنا چاہیے بلکہ اس میں مزید بہتری لانی چاہئے۔اس موقع پرسابق وفاقی وزیر عابد شیر علی نے گورنر پنجاب کو فیصل آباد میں یونیورسٹیوں کے حوالے سے مسائل سے آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بطور چانسلر یونیورسٹیوں کے گورننس کے معاملات میں بہتری لانا ان کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ یونیورسٹیوں میں بڑی تعداد میں پرو وائس چانسلرز تعینات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی وجہ سے وائس چانسلرز کی عدم موجودگی میں جامعات کے انتظامی امور بلاتعطل جاری رہ سکیں اس جدید دور میں تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو آئی ٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا بہت ضروری ہے۔ ان مہارتوں کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو طلبا کی اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہئے۔ دریں اثنا، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہارکیا ۔
نوجوانوں میں امید پیدا کرنے سے ملک میں ترقی آئےگی،بلیغ الرحمن
