دیوان یونیورسٹی کا پہلا جلسہ تقسیم اسناد

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے شہید بینظیر بھٹو دیوان یونیورسٹی کے پہلے جلسہ تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے معماروں سے مل کر اطمینان محسوس ہوتا ہے ، کیونکہ یہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ اس موقع پر چیرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد اور چانسلر دیوان محمد یوسف فاروقی اور وائس چانسلر ڈاکٹر اورنگ زیب نے بھی خطاب کیا۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کامیابی کا سہرا والدین اور اساتذہ کے سر جاتا ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو دیوان یونیورسٹی کی انتظامیہ مبارک باد کی مستحق ہے ، جس نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں انتہائی اقدامات کو یقینی بنایا، انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کل آبادی کا 64 فی صد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ان کو اعلیٰ تعلیم اور مہارت دینا ہوگی، بعدازاں گورنر سندھ نے کامیاب نوجوانوں میں اسناد تقسیم کئے۔