ملکی ترقی کے لئے انجینئرنگ کا شعبہ بہت اہم ہے۔ احسن اقبال

وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لئے انجینئرنگ کا شعبہ بہت اہم ہے،انجینئرنگ کے طالب علموں کا فرض ہے کہ وہ پاکستان کی ایکسپورٹ بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نارووال کیمپس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نارووال کو بنانا میرا خواب تھا جو پورا ہو گیا ہے،تعلیم کا فروغ مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا تعلق کسی جاگیردار گھرانے سے نہیں ہے بلکہ ایک تعلیمی گھرانے سے ہے اور میں نے سب کچھ اپنی تعلیم کی بنیاد پر حاصل کیا،میں عوام کا شکر گزار ہوں انہوں نے ایک انجینئر کو قومی اسمبلی تک پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب سے طلبہ اس یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں جو ہمارے لئے باعث فخر ہے۔

انہوں کہا کہ نارووال میں اس منصوبے کی تکمیل پر میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ گزار ہوں،ان کی ذاتی دلچسپی سے یہ مکمل ہوا اور آج یونیورسٹی آف انجینئرنگ،دنیا کی ٹاپ کی یونیورسٹیوں میں شامل ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے ترقی کرنی ہے تو انجینئرنگ کے شعبہ کو آنے والے وقت سے ہمکنار کرنا ہوگا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *