صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہمیں تعلیم تک رسائی اور سکولوں میں داخلے کی شرح کو بڑھا نا ہوگا ۔
ملک خواتین کے اعلیٰ تعلیم کے بعد کیریئر ترک کرنیکا متحمل نہیں ہو سکتا، آن لائن ایجوکیشن جیسے تعلیمی ٹولز بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ وہ ہائی ٹیک انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے (پہلے ایم بی بی ایس بیچ )پہلے کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبا و طالبات میں ڈگریاں ، میڈلز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ صدر مملکت نے مزید کہا پاکستان میں 27 ملین بچے سکولوں سے باہر ہیں ۔ تقابلی طور پر ہندوستان اور بنگلہ دیش میں بچوں کے سکول میں داخلے کا تناسب 98-100 فیصد ہے ۔ چین کے کیس سٹڈی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ سے پاکستان آٹھ سالوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتا ہے ۔ پاکستان میں صرف نو فیصد نوجوان اعلیٰ تعلیم کیلئے داخلہ لے رہے ، آن لائن ایجوکیشن جیسے جدید تعلیمی ٹولز متعارف کروا کر یہ تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ ہیپاٹائٹس کے نو فیصد پھیلاؤ اور 40 فیصد سٹنٹنگ جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے ۔ پرنسپل ہائی ٹیک انسٹیٹیوٹ میجرجنرل(ر) حامد شفیق ، پرنسپل ہائی ٹیک میڈیکل ڈینٹل کالج پروفیسر عرفان شاہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔