سنٹرل ماڈل سکول کے نئے پراجیکٹ کے تحت طلباء کو مفت تعلیم کے ساتھ سکالر شپ اور الاؤنس بھی دیا جائے گا، طلباء کو کیمبرج کی تمام کتابیں مفت فراہم کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت سنٹرل ماڈل سکول کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں محسن نقوی نے سنٹرل ماڈل سکول کی عمارت کو “گرین بلڈنگ” قرار دینے کی ہدایت کی، نگران وزیراعلیٰ نے سکول کی عمارت کی تعمیر و بحالی کا کام فوری شروع کرنے کا حکم بھی دیا۔
اجلاس میں سکول کی بلڈنگ کو نجی شعبے کے اشتراک سے سولر انرجی پر منتقل کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے، نئے پراجیکٹ کے تحت سنٹرل ماڈ ل سکول کے طلباء سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی، طلباء کو کیمبرج کی تمام کتابیں مفت فراہم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، طالب علم کو 2 ہزار ماہانہ سکالر شپ اور دو سو پچاس روپے روزانہ کنوینس الاؤنس بھی دیا جائے گا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ سنٹرل ماڈل سکول کی تاریخی عمارت کے قدیمی حسن کو برقرار رکھا جائے گا، سنٹرل ماڈ ل سکول میں امتحانات کے لئے 16 ہزار سے زائد طلبہ رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔