ہائی ٹیک انسٹیویٹ آف میڈیکل سائنسز کاونووکیشن ، صدر مملکت نے ڈینٹیل اور میڈیکل کے 133 طلبا و طالبات کو ڈگریاں عطا کیں

ہائی ٹیک انسٹیویٹ آف میڈیکل سائنسز کے ایم بی بی ایس پہلے بیچ کا کانووکیشن بدھ کو ہائی ٹیک آڈیٹوریم میں منعقد ہوا ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈینٹیل اور میڈیکل کے 133 طلبا و طالبات کو ڈگریاں عطا کیں ۔ چیئرمین ایچ آئی ٹی و ہائی ٹیک میجر جنرل شاکراللہ خٹک، پرنسپل ہائی ٹیک آئی ایم ایس میجر جنرل (ر)حامد شفیق، رجسٹرار نیمز کمانڈر(ر)فراصت علی ، پرنسپل ہائی ٹیک میڈیکل کالج پروفیسر عرفان اللہ شاہ ، ڈائریکٹر آپریشنز ہائی ٹیک بریگیڈئر (ر )جاوید ہاشمی سمیت فیکلٹی ممبران اور پاس آوٹ ہونے والے طلباء وطالبات کے والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ہائی ٹیک انسٹیٹیوٹ آف سائنسز کے پرنسپل میجرجنرل(ر) حامد شفیق نے کہا کہ والدین کی دعائوں اور اساتذہ کی محنت کے نتیجے میں ایم بی بی ایس کے پہلے بیچ 2016۔2021 نے کامیابی حاصل کی ہے۔کامیاب ہونے والے طلباء وطالبات اور والدین کو اس خوشی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتاہوں۔ انہوں نے کہا کہ 2016 میں ہائی ٹیک انسٹیٹیوٹ آف سائنسز قائم ہوا۔ اتنے کم عرصے میں اے کیٹگری میڈیکل کالج ہونے اور آئی ایس او اہداف حاصل کرلیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتال میں اپنے میڈیکل کالج کے پوسٹگریجویٹ مکمل کرنے والےطلباء و طالبات کو ہاوس جاب کی سہولت دی گئی ہے۔

انہوں نےکہا کہ طلباء و طالبات کو دوران تعلیم ہم نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے بھر پور مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ ماسٹر پلان کے تحت میڈیکل کالج کی عمارت تیار ہورہی ہے جو کہ 2 سال کی مدت میں مکمل ہوجائے گی۔ہائی ٹیک میڈیکل ڈینٹئل کالج کے پرنسپل پروفیسر عرفان شاہ نے کہا کہ 5 سال قبل ہم نے جس کی بنیاد رکھی تھی آج وہ ایک تن آوردرخت بن چکا ہے اور اسکے ثمرات بھی آنے شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ ہمارے طلباء طالبات نے تحقیق کے شعبے میں بھی محنت کی ہے۔

ایچ آئی سی سطح کے 100 ریسرچ پیپرز شائع کرائے ہیں جبکہ ادارے کا اپنا میگزین بھی شائع ہورہا ہے۔ایم بی بی ایس بیچ 2016-2021 کےڈاکٹر محمد علی کو بہترین گریجویٹ قرار دیا گیا جنہوں نے سیشن کے دوران 16 گولڈ میڈلز ، 2 سلوز میڈلز ، 3 برائون میڈلز اور 9 تعریفی اسناد جبکہ بی ڈی ایس کی ڈاکٹر عروبہ محمود کو بہترین گریجویٹ قرار دیا گیا جنہوں نے 16 گولڈ میڈلز ، 3 سلور میڈلز ، 2 برائون میڈلز اور 8 تعریفی اسناد حاصل کیں ۔