گورنر پنجاب وچانسلر انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ تاریخی حیثیت کی حامل اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور علاقے کی سماجی، تعلیمی اور معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ گورنر نے ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر سے گورنرہاﺅس میں ایک ملاقات کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اعلی تعلیم کے شعبے پر بھرپور توجہ دے رہی
ہے اور سماجی اور معاشی ترقی میں جامعات کے کردار کو فعال بنانے کے لئے مدد کی جا رہی ہے۔تدریسی اور تحقیقی سرگرمیوں کے معیار کو عالمی سطح پر لانے کے لئے بہترین افرادی قوت اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد ایسے گریجویٹس پیدا کرنا ہے جو سماجی ترقی کا باعث بنیں اور اپنی پیشہ وارانہ بہتری کیساتھ ساتھ علاقیکی خوشحالی میں بھی فعال کردار ادا کریں۔ گورنر پنجاب نے الائیڈ ہیلتھ سائنسز، نرسنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر اہم شعبوں میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی جانب سے شروع کیے گئے تعلیمی پروگراموں کو سراہا۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی فیکلٹیوں اور شعبہ جات کی مضبوطی اور نئے کیمپسز کے قیام سے متعلق بھی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی کردار سازی اور ان میں قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے طلبا سوسائٹیز اور ینگ لیڈر جیسے پروگرام شروع کیے گئے ہیں تاکہ ہمارے نوجوان اعلی تعلیم سے آراستہ ہونے کے ساتھ ساتھ سماجی بھلائی اور ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کریں۔ گورنر پنجاب نے حالیہ کانووکیشن کے بہترین انتظامات، ایس ڈی جیز گولز مرکز کے قیام اور طلبا وطالبات کے لئے بڑی تعداد میں سکالرشپس کی فراہمی کو بھی سراہا۔