بینک آف خیبر کے ذریعے طلباء کو انصاف کارڈ دیے جائیں گے، کامران بنگش

صوبائی وزیر تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ بینک آف خیبر کے ذریعے طلباء کو انصاف کارڈ دیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ اجلاس کے بعد خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے انصاف کارڈ تعلیم کی منظوری دے دی ہے جبکہ صوبائی کابینہ نے بھی انصاف تعلیم کارڈ کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کے ایک سال کی فیس حکومت ادا کرے گی جبکہ صوبے کے 320 کالجز کے تمام طلباء کو ایک سال کی فیس معاف کردی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بینک آف خیبر کے ذریعے طلباء کو انصاف کارڈ دیے جائینگے جبکہ اگلے مرحلے میں یونیفارم اور کتابوں کی فیس ادا کرنے پر غور جاری ہے۔

کامران بنگش نے کہا کہ انصاف تعلیم کارڈ سے موجودہ سکیم میں دو لاکھ ساٹھ ہزار طلباء مستفید ہونگے۔