وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نارووال کو تعلیم بانٹنے والا شہر بنانا انکا خواب تھا ان کے پاس اپنے والدین کی چھوڑی ہوئی جائیداد نہیں تھی صرف تعلیم تھی جس کی بدولت وہ اسمبلی تک پہنچے اور اپنے ملک پاکستان کی خدمت کرنے کا موقع ملا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یونیورسٹی آف نارووال کی پانچویں سالگرہ کی تین روزہ تقریبات کے افتتاح کے موقع پر یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں یونیورسٹی آف نارووال کے وائس چانسلر ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ اور دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف نارووال جو پہلے گجرات یونیورسٹی کیمپس کے نام سے نارووال شروع کیا گیا اس وقت انہیں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس وقت مخالفین نے یہ پروپیگنڈا کیا کہ احسن اقبال اپنی پرائیوٹ یونیورسٹی کاروبار کے لئے بنا رہا ہے اس وقت پرائیوٹ کالجز کے وفد نے بھی نارووال میں یونیورسٹی بنانے کی مخالفت کی لیکن وہ اپنے اصولی موقف پر قائم رہے اور اللہ تعالٰی نے ان کی مدد کی۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ گجرات کیمپس سے یونیورسٹی آف نارووال کا سفر بھی کٹھن تھا یونیورسٹی کے لئے جگہ لیتے وقت بھی کافی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا آج اللہ کے فضل سے یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے بچے بچیاں بہترین روزگار کما رہے ہیں۔نارووال میں یونیورسٹی کے قیام سے وہ بچے اور بچیاں جن کے والدین دوسرے شہروں میں زیادہ اخراجات کی وجہ سے انہیں نہیں پڑھا سکتے تھے وہ نارووال میں اپنی تعلیم مکمل کروا رہے ہیں ۔وفاقی وزیر نے طلبہ وطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ انکا فرض ہے کہ وہ اپنے اپنے سکولوں میں تعلیم کے متعلق بچوں میں آگاہی دیں تاکہ بچوں میں پڑھنے کا شوق پروان چڑھے کیونکہ آپ تعلیم مکمل کرکے پاکستان کے سفیر بنیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی بنانے کے جرم میں انھیں 3 ماہ جیل میں موت کے قیدیوں کی چکی میں رکھا گیا ، نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے میدان بنانا جرم ہے تو اگر ان کو موقع ملا تو وہ یہ جرم بار بار کریں گے۔ وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ گورنمنٹ اسلامیہ ڈگری کالج کو بحال کرنے کے لئے گورنر پنجاب سے ریکوسٹ کی ہے چونکہ یونیورسٹی کو ابتدائی طور پر چلانے کے لئے ان کو جگہ درکار تھی اس لئے انہوں نے اسلامیہ ڈگری کالج کی جگہ کو استعمال کیا آج یونیورسٹی آف نارووال کی علیحدہ بلڈنگ بن چکی ہے اس لئے گورنمنٹ اسلامیہ ڈگری کالج کو بحال کروایا جائے گا۔اس موقع پر پروفیسر احسن اقبال نے گرلز ہاسٹل اور یونیورسٹی کی جامعہ مسجد کا بھی افتتاح کیا۔