سندھ حکومت کی جانب سے آن لائن تعلیم کے سلسلے میں اہم پیش رفت

سندھ حکومت نے زوم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سے زوم پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر اور ڈی ٹیک کے سربراہ سے ملاقات کی۔

صوبائی وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سید سردار علی شاہ سے زوم پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر حانا صدیقی اور ڈی ٹیک کے سی ای او عدیل دایو نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔

زوم پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر حانا صدیقی نے صوبائی وزیر تعلیم کو بتایا کہ زوم پاکستان نے آن لائن کلاسز کے لیے زوم پاکستان کی طرف سے 21680 مفت لائسنس جاری کر دیے ہیں جس کو ورچوئل تعلیم خاص طور پر فنی تعلیم، کانفرنس اور میٹنگ کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ مفت لائسنس کے اجراء کے لیے ڈی ٹیک کا تعاون حاصل رہا ہے، زوم کے صارفین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، زیادہ سے زیادہ پیشہ ور افراد جو گھر سے کام کرتے ہیں یا ایسے طالب علم جو آن لائن تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں زوم انہیں یہ سہولت مفت مہیا کرے گا۔

صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے کہا کہ محکمہ تعلیم سندھ تعلیم کی ترقی کیلئے روایتی طریقوں کے ساتھ ڈسٹینس لرننگ یا آن لائن ایجوکیشن کے سلسلے میں مختلف منصوبوں پر بھی کام کر رہا ہے، ہم ایسے آن لائن پلیٹ فارمز مہیا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں سے طالب علموں کو آن لائن لیکچرز اور سلیبس حاصل کرنے میں آسانی سے مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وباء کے دوران آن لائن لرننگ کا رجہان پیدا ہوا، محکمہ تعلیم نے زوم اور دیگر آن لائین پلیٹ فارم کی مدد سے تدریس و تربیت کا سلسلہ جاری رکھا۔

صوبائی وزیر تعلیم سندھ نے زوم اور ڈی ٹیک کے اقدامات کو سراہا اور مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *