وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ تعلیمی نظام میں انقلاب اور جدت کے بغیر ملک میں ترقی و استحکام ممکن نہیں ، قوموں کی ترقی کا زینہ تعلیم ہے ،ملک کی معاشی صورتحال کے باوجود تعلیم حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو انٹربورڈز کمیٹی آف چیئرمین (آئی بی سی سی)کے سیکرٹریٹ میں جدید تقاضوں سے آراستہ سٹوڈنٹس فسیلیٹیشن سنٹر اور آن لائن اٹیسٹیشن پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کے آنے جانے سے تعلیمی شعبہ متاثر ہونے کے قائل نہیں ،مثبت سرگرمیوں کو ہمیشہ جاری رکھنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ آئی بی سی سی کا جدید سہولیات سے آراستہ سٹوڈنٹس فسیلیٹیشن سنٹر اور اٹیسٹیشن پورٹل طلبہ مسائل کے لئے سنگ میل ثابت ہو گا، آئی بی سی سی دن بدن سسٹم میں مثبت تبدیلیوں لاکر طلبہ کے مسائل حل کررہی ہے۔اس موقع پر سیکرٹری آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا، ملک کی بیشتر آبادی نوجوان ہے جسے تعلیم دینا حق ہے ۔
انہوں نے کہا کہ انٹربورڈکمیٹی اپنے وسائل کے باوجود ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے ساتھ طلبہ کے مسائل حل کرنے کیلئے محنت سے کام کررہی ہے،اسلام آباد ملک کا دارلحکومت ہے یہاں سٹیٹ آف دی آرٹ سٹوڈنٹس فسیلیٹیشن سنٹر کے قیام سے طلبہ و طالبات مستفید ہوں گے۔ ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ آئی بی سی سی کی ترقی حکومت کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ سٹوڈنٹس فسیلیٹیشن سنٹر کی افتاحی تقریب میں چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم نے بھی خصوصی شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر سیکرٹری آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔