ہماری حکومت مسلم سائنسدانوں کی رہنمائی میں کام کرنے کیلئے تیار ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہماری حکومت سائنس کی ترقی کے لئے مسلم سائنسدانوں کی رہنمائی میں کام کرنے کیلئے تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے اردن کے سابق وزیراعظم پروفیسر ڈاکٹر عدنان بدران کی سربراہی میں سائنسدانوں کے وفد کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے اردن کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر عدنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک جدید سائنسی تعلیم اپنے تعلیمی اداروں میں فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دور تھا کہ مسلم دنیا سائنس کے میدان میں پوری دنیا کی رہنمائی کرتی تھی، فلکیات، سمندری علوم، جراحی، اور طبی سائنس میں مسلم ممالک بہت آگے تھے۔

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ دور حاضر میں ہم دوبارہ سائنس کے میدان میں ترقی کریں تاکہ سماجی مسائل ہوسکیں۔

دوسری جانب اردن کے سابق وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی مسلم دنیا کو سائنسی تعلیم میں انقلاب برپا کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے، مسلم ممالک کے تعلیمی درسگاہوں کے پروفیسرز بھی مشترکہ پلیٹ فارم قائم کر کے ایک دوسرے کی مدد کر سکتے ہیں۔

دوران ملاقات وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہماری حکومت سائنس کی ترقی کے لئے مسلم سائنسدانوں کی رہنمائی میں کام کرنے کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ادویات، موسمی تبدیلیوں، زراعت اور فصلوں کی پیداوار کو بہتر کرنے کیلئے جدید تحقیق کی ضرورت ہے، سیلابی یا خشک سالی کی صورتحال میں کم وقت میں زیادہ پیداوار حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ سے اردن کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر عدنان اور اس کے وفد نے اتفاق کیا کہ مسلم ممالک کو مل کر کام کرنا چاہیے۔

اس موقع پر ترجمان وزیراعلیٰ سندھنے بتایا کہ سید مراد علی شاہ نے مہمانوں کو اجرک اور سندھی ٹوپی کے تحائف دیے۔

واضح رہے کہ وفد میں لبنان کے پروفیسر ڈاکٹر الیس بیڈون، ایران کے پروفیسر ڈاکٹر موسوی مہوادی، اردن کے ڈاکٹر نجوا، کراچی یونیورسٹی کے ڈاکٹر اقبال چودہری بھی شامل تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *