راشد خان خواتین کی اعلیٰ تعلیم پر پابندی کیخلاف بول پڑے

افغانستان کرکٹ ٹیم کے اسپنر راشد خان طالبان کی جانب سے خواتین کی اعلیٰ تعلیم پر لگائی پابندی کے خلاف بول پڑے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں راشد خان نے ہیش ٹیگ ’خواتین کو پڑھنے دو‘ کے ساتھ ایک حدیث شیئر کی ہے۔

افغان کرکٹر راشد خان کی جانب سے شیئر کی گئی حدیث کا ترجمہ ہے ’عِلم کا حاصل کرنا ہر مسلمان (مرد و عورت) پر فرض ہے‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز افغانستان میں خواتین کی اعلیٰ تعلیم پر پابندی لگائی گئی تھی۔

کابل سے افغان میڈیا کے مطابق افغان وزارت اعلیٰ تعلیم نے طالبات کی اعلیٰ تعلیم کی معطلی کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔

افغان وزارت اعلیٰ تعلیم کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے کے تحت خواتین کےلیے اعلیٰ تعلیم تاحکم ثانی معطل رہے گی۔

دوسری جانب امریکا اور برطانیہ نے افغانستان میں خواتین کی اعلیٰ تعلیم پرپابندی کی مذمت کی تھی ۔

امریکا کا کہنا تھا کہ خواتین کے حقوق کا احترام کرنے تک طالبان بین الاقوامی برادری کا حصہ بننےکی توقع نہ رکھیں۔