ٹیوٹا،ایچ ای سی اور سکول ایجوکیشن کے زیراہتمام شارف فنی تربیتی کورسز

ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے باہمی اشتراک سے سرکاری سکولوں اور کالجوں کے طلبا وطالبات کے لئے شارٹ فنی تربیتی کورسز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں گورنمنٹ کالج آف سائنس وحدت روڑ میں آگاہی سیمینار میں سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سینئر ڈی جی ٹیوٹا اختر عباس بھروانہ، فوکل پرسن ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ،سی ای او ایجوکیشن، پرنسپل ادارہ، سرکاری سکولوں کے پرنسپل و ہیڈماسٹرصاحبان، اساتذہ اور طلبا و طالبات نے سیمینار میں شرکت کی۔ سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کر کے ہی ترقی کی منازل حاصل کی جاسکتی ہیں۔ بہتر روز گار کے حصول کیلئے طلبا فنی تعلیم حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران سمر سکل کیمپ کے تحت طلبا وطالبات کو ٹیوٹا کے اداروں میں فنی تعلیم دی جائے گی۔ اس دوران مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق فنی تعلیم کے کورسز کرائے جائیں گے، سینئر ڈی جی ٹیوٹا اختر عباس بھروانہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سمر سکل کیمپ حکومت کا شاندار اقدام ہے۔ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران سرکاری سکولوں اور کالجوں کے طلبا و طالبات سمر سکل کیمپ میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں۔انہیں تعلیم کے ساتھ فنی تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سکل ایجوکیشن کی اہمیت ہے۔نوجوان فنی تعلیم حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے طلبہ کے لئے فنی تعلیم کے ایسے کورسز کرائے جائیں گے جن کی مارکیٹ میں ڈیمانڈ ہے۔ پرنسپل سائنس کالج نے اپنے خطاب میں طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم کی مہارت فراہم کرنے کے حوالہ سے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ سمرسکل کیمپ میں گورنمنٹ کے سکول اور کالجز کے 15سال یا اس سے زائد عمر کے طلبا وطالبات حصہ لیں گے۔ اس سلسلہ میں باقاعدہ ایڈمیشن فارم کے ذریعہ شمولیت اختیار کی جائے گی۔