مزدوروں کے حقوق، ان کے بچوں کی تعلیم و فیملی صحت کا بھرپور خیال رکھا جائے گا، وفاقی وزیر ساجد حسین طوری

وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ مزدوروں کے حقوق، ان کے بچوں کی تعلیم اور خاندان کی صحت کا خیال رکھا جائے گا،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر امسال بلوچستان کا دوسرا دورہ کر رہا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کوئٹہ میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا جہاں انہوں نے بیواؤں اور مستحق مزدوروں اور کان کنوں میں چیک تقسیم کیے اور ورکرز ویلفیئر بورڈ بلوچستان کی ویب سائٹ اور آن لائن ایپ کا بھی افتتاح کیا تاکہ مستحق افراد اپنی ویلفیئر گرانٹس کے لیے درخواست دے سکیں۔

درخواستیں مذکورہ ویب سائٹ پر آن لائن جمع کرائی جاسکتی ہیں اور انہیں دور دراز علاقوں سے کوئٹہ نہیں آنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلوچستان کی محرومیوں سے غافل نہیں ہے اور اس نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے بطور صدر پاکستان آغاز حقوق بلوچستان کی بنیاد رکھی تاکہ یہاں کی محرومیاں دور کی جاسکیں۔ ساجد حسین طوری نے کہا کہ وزارت سنبھالنے کے بعد سے ڈیتھ گرانٹ، میرج گرانٹ اور اسکالرشپ جو کہ عرصہ دراز سے ادا نہیں کیے گئے تھے وہ تمام کے تمام ادا کئے گئے اور ورکرز کو ڈیتھ گرانٹ، میرج گرانٹ اور دیگر مراعات میں اضافہ بھی کیا گیا ہے اور جلد ای او بی آئی کی پنشن میں اضافے کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں کے حقوق کے لیے قانون سازی کی تاکہ مزدور ہر لحاظ سے خودمختار اور خوشحال ہو۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی مزدوروں کے حقوق کے لیے نہ صرف آواز اٹھائے گی بلکہ باقاعدہ عملی اقدامات بھی اٹھا رہی ہے۔ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ محنت کشوں کی ہر قسم کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے، جو ورکرز کے بچوں کو ورکنگ فوک گرامر سکولوں میں مفت تعلیم کے ساتھ کتابیں اور کاپیاں اور ان کے اہل خانہ کو طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں نوجوانوں کو فنی تعلیم دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ملک اور بیرون ملک روزگار حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈز کے ذریعے خواتین کو ووکیشنل ٹریننگ دی جائے گی تاکہ خواتین کو خودمختار بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سب سے پہلے بلوچستان میں لیبر کالونی کا افتتاح کیا جسے جلد مزدوروں کے حوالے کر دیا جائے گا اور مزید کالونیاں بنائی جائیں گی تاکہ ملک کے ہر مزدور کا اپنا گھر ہو۔ ،یہاں اس امر کا ذکر بھی لایا گیا کہ وفاقی وزیر ساجد حسین ورکرز ویلفیئر بورڈ کے وسائل اورمسائل پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اس وجہ سے بورڈ ہذا مستقل ہی سے احسن طریقے سے ورکرز کے مسائل حل کریگی اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ اسلام آباد نے بھی ورکرز ویلفیئر بورڈ کے کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تمام مزدور یونینز نے وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ انکے تمام مسائل کو حل کرنے میں بھرپور تعاون کریں گے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *